29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا: باغیوں کی عالمی طاقتوں سے نوفلائی زون کی اپیل
جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا میں قذافی کی حامی فورسز اور باغیوں میں لڑائی جاری ہے ، باغیوں نے عالمی طاقتوں سے راسلانوف کے کو نوفلائی زون قرار دینے کی اپیل کی ہے، جب کہ قذافی حکومت نے ہتھیار ڈالنے والے باغیوں کو عام معافی کی پیشکش کردی ہے،امریکا نے لیبیا کے وزیر دفاع سمیت معمر قذافی کے نو ساتھیوں اور اہل خانہ پر پابندیاں لگا دیں۔امریکا نے معمر قذافی کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے،اوباما انتظامیہ نے جن افراد پر پابندی لگائی ہے ان میں قذافی کی اہلیہ صفیہ فرکاش کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ عبداللہ السنوسی بھی شامل ہیں ،سنوسی پر الزام ہے کہ وہ ابو سلیم کی جیل میں بارہ سو مسلمانوں کے قتل کے ذمے دار ہیں۔ بن غازی میں نیشنل لیبین کونسل کے سربراہ مصطفی عبدالجلیل کا کہنا تھا کہ زاویہ، راس لانوف،البریقہ، اوقیلیا اور دیگر مشرقی علاقوں میں طیارے رہائشی علاقوں پر بھی بم برسا رہے ہیں۔ لوگوں کے پاس نہ کھانے کو کچھ ہے اور نہ دوائیں، دنیا ہماری مدد کرے ۔ بن غازی میں دس ہزار سے زائد افراد نے قذافی کے خلاف مظاہرہ بھی کیا ۔ اور مطالبہ کیا کہ قذافی فوری طور پر اقتدار چھوڑ دیں۔ روس نے مغربی ملکوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لیبیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔ زاویہ کو قذافی کی فوجوں نے مکمل طور پر باغیوں کے قبضے سے چھڑا لیا ہے ،جمعے کو زاویہ میں قذافی کے حامیوں نے فتح کا جشن منایا۔ تاہم اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے گرد و نواح میں باغیوں سے لڑائی جاری ہے۔