29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لاہور: تجاوزات کیخلاف آپریشن، درجنوں گھر بھی مسمار، خواتین کا احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں تجاوزات کیخلاف دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہا۔ سرکاری زمین پر بنائے گئے درجنوں غیر قانونی گھر بھی گرا دیئے گئے۔ خواتین نے گھر گرانے پر احتجاج کیا، ایک خاتون صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ضلعی انتظامیہ نے دوسرے روز واہگہ، ہربنس پورہ، لال پل، مال روڈ اور اردو بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں آپریشن کیا۔ جلو موڑ کے علاقے میں بنے غیر قانونی گھر گرانے پر دو افراد بلڈوزر کے سامنے کھڑے ہو گئے۔ سرکاری کام میں مداخلت پر پولیس اہلکاروں نے دونوں کو تھپڑ مارے اور انہیں گرفتار کر لیا۔ آپریشن کے دوران خواتین گھروں سے نکل کر روتی رہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ یہاں گھر بنانے کیلئے ان سے پٹواریوں نے پیسے لئے، حکومت پٹواریوں کو بھی پکڑے۔ ادھر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن سے پہلے اطلاع دے دی گئی تھی۔