29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پشاور میں پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنوں کی تقریب میں ہلڑ بازی
جنگ نیوز -
پشاور . . . . . پشاورمیں پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنوں کی تقریب میں پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن نے ہلڑ بازی، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی۔ تقریب میں حکومت کے خلاف زبردست نعرہ بازی بھی کی گئی۔پشاور میں ہونے والی اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنوں سمیت پارٹی رہنما ناہید خان اور سینیٹر صفدر عباسی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر اے این پی سے پی پی پی میں شامل ہونے والے سابق صوبائی وزیر فرید طوفان کی تقریب میں شرکت پر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکن مشتعل ہوگئے اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو گرفتار کیا تاہم بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔ تقریب سے پیپلزپارٹی کی رہنما ناہید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنا اگر غداری ہے تووہ غدار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید نہیں کرتیں ۔ سندھ میں ہڑتال کرکے پارٹی کے ساتھ دشمنی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف سندھ کی نہیں بلکہ قومی جماعت ہے۔ صوبوں کے مابین نفرتیں نہ پھیلائی جائیں۔ تقریب میں پارٹی کے ناراض کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔