29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپان:آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ،ایٹمی پلانٹ سے تباہی کا خدشہ
جنگ نیوز -
ٹوکیو ... جاپان میں زلزلے اور سونامی کی تباہ کاریوں کے بعد آفٹر شاکس کے نتیجے میں ایٹمی پلانٹ ممکنہ طور پر پھٹنے سے ایک اور بڑی تباہی کا خطرہ ہے، حفاظتی اقدام کے طور پر علاقے سے تقریباّ ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔جاپانی حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے کے تازہ ترین جھٹکے کے بعد دارالحکومت ٹوکیو سے250 کلومیٹر دور فوکوشیما تھری ایٹمی پلانٹ کا کولنگ سسٹم خراب ہو گیا، درجہ حرارت کم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں اور اتوار کی صبح اندرونی دباؤ خاصا بڑھ چکا ہے،جس کے بعد کسی دھماکے کا خطرہ ہے جس کے نتیجے میں تابکاری سے بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔اس سے پہلے فوکوشیما ون پلانٹ کی چھت اور دیواریں دھماکے سے اڑ گئی تھیں۔بین الاقوامی نیوکلئیر اسکیل پر خطرے کا لیول چار ظاہر کیا گیا تھا جس کے مطابق تابکاری کے اثرات ملک کے اندر پھیلنے کا خطرہ تھا ۔ ہفتے کی شام عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کا کہنا تھا کہ جاپان نے آگاہ کیا ہے کہ نیوکلیئرپلانٹ کے قریب تابکاری میں کمی واقع ہوئی ہے اور تابکاری سے بچانے والا نظام محفوظ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی اتنی زیادہ ہے کہ نقصان کا درست اندازہ لگانے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ 8.9 شدت کے زلزلے کے بعد دوہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ دس ہزار سے زائد لوگ اب تک لاپتا ہیں ۔ برطانیہ نے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے جدید آلات سے لیس تریسٹھ رکنی ٹیم جاپان روانہ کردی ہے۔امریکی طیارہ بردار جہاز بھی امدادی سامان لے کر جاپان کے ساحل پر لنگرانداز ہوگیا ہے۔