29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا : قذافی کی حامی فوج کا راس لانوف شہر پر دوبارہ قبضہ
جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا میں معمر قذافی کی حامی فوج نے راس لانوف شہر پر دوبارہ قبضہ حا صل کر لیا ۔ فوج نے فتح کا جشن منایا اور قذافی کے پوسٹر لہرائے۔ راس لانوف پر قبضے کے لیے قذافی کی فورسز نے ہفتے کو باغیوں کے زیر قبضہ آخری شہر راس لانوف پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے تین فضائی حملے کیے اورمخالفین کوپسپا کر دیا۔تاہم مخالفین کا کہنا ہے کہ مزید رضاکار لڑائی کے لیے آنیوالے ہیں۔ البیضا میں قذافی کے مخالفین نے قذافی کے ایک پرتعیش محل پر حملہ کرکے وہاں لوٹ مار کی اور محل کے کئی کمروں میں آگ لگا دی۔ لیبیا کی صورتحال پرغور کے لیے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہوا۔ تنظیم نے سلامتی کونسل سے لیبیا میں نوفلائی زون قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔امریکا نے عرب لیگ کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معمر قذافی کی حکومت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھے گا۔