29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپان میں زلزلے سے کئی ہزار ہلاکتوں کا خدشہ ،4ٹرینیں تاحال لاپتہ
جنگ نیوز -
ٹوکیو… جاپان میں بدترین زلزلے اور سونامی کے بعد دو ایٹمی ری ایکٹروں سے تابکاری کا اخراج عالمی پریشانی کا سبب بن گیاہے۔۔ علاقے سے دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے امریکی بحری بیڑہ جاپان پہنچ گیا۔ جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر نو تھی۔ جاپانی حکام کے مطابق زلزلے کے تازہ ترین جھٹکے کے بعد دارالحکومت ٹوکیو سے 250 کلومیٹر دور فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کے تیسرے ری ایکٹر کا کولنگ سسٹم خراب ہو گیا، درجہ حرارت کم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں اور اس کا اندرونی دباؤخاصا بڑھ چکا ہے۔اس سے پہلے فوکوشیما ون پلانٹ کی چھت اور دیواریں دھماکے سے اڑ گئی تھیں۔ بین الاقوامی نیوکلئیر اسکیل پر خطرے کا لیول چار ظاہر کیا گیا تھا جس کے مطابق تابکاری کے اثرات ملک میں پھیلنے کا خطرہ تھا۔ پلانٹ کے اطراف کے 25 کلومیڑ کے علاقے کو خالی کرالیا گیا۔ جاپان نے زلزلے اور سونامی سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی تعداد دگنی کر دی ہے اور اب ایک لاکھ فوجی امدادی کاروائیوں میں حصہ لیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی اربوں ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ زلزلے کے بعد 2ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے جبکہ دس ہزار سے زائد لوگ اب تک لاپتا ہیں۔ تقریبا3 لاکھ افرادبے گھر ہوچکے ہیں۔لاکھوں افراد بجلی اور پانی سے محروم ہیں۔ چار ٹرینیں لاپتہ ہیں۔ برطانیہ نے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے جدید آلات سے لیس تریسٹھ رکنی ٹیم جاپان روانہ کردی ہے۔