تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

اسلامی نظریاتی کونسل پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کو اعتماد نہیں،علامہ موسوی

جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامائزیشن کیلئے بنائے گئے اداروں میں تمام مسلمہ مکاتب فکر کو برابری کی سطح پر نمائندگی نہ دینا آئین پاکستان سے انحراف ہے ، اسلامی نظریاتی کونسل میں نامزد کردہ افراد حکومت کے نمائندہ تو ہو سکتے ہیں مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کے ہر گز نہیں ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے شعبہ جات اور ذیلی تنظیموں کے سربراہان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ سینیٹ اور دیگر اداروں کے بعد اسلامی اداروں کی نشستوں کی سیاسی سودابازیوں اور خرید و فروخت کی نذر کرنا محب دین حلقوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں کے لیے فقہہ کی قید نہیں تو پھرآج تک وزارت مذہبی امور سمیت اہم اسلامی اداروں کا سربراہ کسی شیعہ کو کیوں نہیں بنایا گیا ۔یہ روش بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے اصولوں سے متصادم ہے جس سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ پاکستان گروہی ریاست ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اسلامی و آئینی اداروں کی سربراہی مرحلہ وار تمام مکاتب فکر کو دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے ہر حربہ ا ستعمال کررہی ہیں،پاکستان کو اندرونی طورمضبوط کرکے ہی دشمنان دین و وطن کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.