29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پیپلز پارٹی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ،صدر زرداری پرمکمل اعتماد کا اظہار
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلزز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین نے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔بلاول ہاؤس کراچی میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مجموعی طور پر ملک اور اندرون سندھ کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس ضمن میں پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کے پیش نظر مشاورتی عمل کے دائرہ کار کو پارلیمنٹ میں موجود تمام منتخب سیاسی جماعتوں تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں صدر مملکت نے سیاسی صورت حال پر مشاورت کے لئے آل پارٹیز کانفرنس جلد از جلد طلب کرنے اور سلسلے میں تمام سیاسی قیادت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے، صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں موجودہ صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ سیاسی مشاروت کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں مخدوم امین فہیم، رضا ربانی، سید خورشید شاہ، فریال تالپور، نوید قمر، نبیل گبول، پیر مظہرالحق، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سمیت سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی۔