29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی:فائرنگ کے واقعات ، دو سیاسی کارکنوں سمیت6 افرادہلاک
جنگ نیوز -
گذشتہ روز سے پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد15 ہوگئی
کراچی ... کراچی کے علاقے گلستان جو ہر،نارتھ ناظم آباد سخی حسن چورنگی،کٹی پہاڑی اور لی مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعات میں دو سیاسی کارکنوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،گذشتہ روز سے شہر میں پرتشدد واقعات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن ہلاک ہوا،مقتول کی شناخت30 سالہ عمیر کے نام سے ہوئی ،پولیس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے میں ہی منور چورنگی کے قریب زیر تعمیر عمارت سے سیاسی جماعت کے لاپتہ ہونے والے کارکن ھمایوں کی لاش برآمد ہوئی،جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے،پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے علاقے میں کٹی پہاڑی اور سخی حسن چورنگی کے قریب فائرنگ سے دوافراد ہلاک ہوئے،مقتولین کو گولیاں مار کر نشانہ بنایا گیا ،ہلاک ہونے والے ایک نوجوان مقتول کے ہاتھ بھی رسیوں سے بندھے ہوئے تھے،لی مارکیٹ کے قریب واقع کھجور بازارمیں بھی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا،گذشتہ روز بھی شہر میں جاری پرتشدد واقعات کے دوران 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔