29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جاپانی حکومت نے اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دیدیا
جنگ نیوز -
جاپانی حکومت نے اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دیدیا
ٹوکیو…جاپانی حکومت نے اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دے دیا۔دیگر نیوکلیئر پلانٹس سے تابکاری کے اخراج سے دو سو افراد متاثر ہو چکے ہیں، زلزلے اور سونامی سے متاثرہ افراد نے دوسری رات بھی امدادی کیمپوں میں گزاری ۔دنیا بھر سے امدادی ٹیموں کی جاپان آمد جاری ہے ۔جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے،جاپان کی نیوکلیئر سیفٹی ایجنسی نے ایک بیان مین کہا ہے کہ اوناگاوا کے ایٹمی پاور پلانٹ کو کلیئر سگنل دے دیا گیا ہے۔بیان کے مطابق پلانٹ کا کولنگ سسٹم صحیح کام کر رہا ہے۔علاقے میں تابکاری کی سطح بڑھنے کی وجہ ایک دوسرے پلانٹ سے تابکاری کا اخراج تھا۔ ماہرین تابکاری کا خطرہ ختم کرنے کے لیے دن رات مصروف ہیں ،اب تک تقریباّ دو سو افراد تابکاری سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ری ایکٹروں کے قریب سے دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے۔حکام نے کہا ہے کہ تابکاری بیرون ملک منتقلی کا خطرہ نہیں ہے۔زلزلے اور سونامی کے باعث دس ہزار افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔قدرتی آفت کی تباہ کاریوں کے باعث کئی علاقوں کی بجلی غائب ہے اور پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔جاپانی وزیرِاعظم ناؤ تو کان نے کہا ہے کہ ان کا ملک دوسری جنگِ عظیم کے بعد بدترین آفت سے گذر رہا ہے۔ زلزلے کے آفٹرشاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سات کی شدت کا ایک اور زلزلہ آ سکتا ہے۔ بیرون ملک سے امدادی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،اتوار کو امریکا اور روس کی امدادی ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں مدد دینے کے لیے پہنچ گئیں۔