29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
عدالتی فیصلوں کے خلاف احتجاج عوام کا حق ہے،وفاقی وزیر اطلاعات
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اب تک جو بھی فیصلہ آیا وہ ہمارے خلاف ہی آیا ہے، عدالتی فیصلوں کے خلاف احتجاج چاہے سندھ میں ہو یا کسی اور صوبے میں یہ عوامی ردعمل ہے جو عوام کا حق ہے۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد فردوس عاشق اعوان نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے بارکونسلز اور ایسوسی ایشنز کوفنڈز کے آزادانہ اجرا کے لیے پاکستان بار کونسل لیگل پریکٹیشنر ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر وزیراعظم نے تمام وزرا کوہدایت کی ہے کہ وہ اپنی وزارتوں کی کارکردگی بہتر بنائیں اور مہنگائی پر کنٹرول کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے چین سے سب میرین کی خریداری سمیت کئی ملکوں کے ساتھ معاہدوں کیلئے بات چیت شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ کسی بھی فیصلے پر کسی اسمبلی میں احتجاج ہوتا ہے تویہ عوامی مینڈیٹ کے تحت منتخب ارکان کا اظہار رائے کا حق ہے، جسے منفی انداز میں نہیں لینا چاہیئے، فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اداروں کے تصادم کا کوئی خطرہ نہیں قومی مفاد کے تحت پیپلزپارٹی سیاست میں مصالحت پسندی سے کام لے رہی ہے۔