29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سلمان بٹ مقدمے کی سماعت کیلئے انگلینڈ روانہ ، عامر کل جائیں گے
جنگ نیوز -
لاہور…پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ مقدمے کی سماعت کیلئے انگلینڈ روانہ ہو گئے جبکہ محمد عامر کی کل انگلینڈروانگی متوقع ہے ۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا شکار سلمان بٹ ، محمد عامر اور محمد آصف کیخلاف دھوکہ دہی اور بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت سٹی آف ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں17مارچ کو ہوگی ۔ محمد آصف انگلینڈہی میں موجود ہیں جبکہ فاسٹ بولرمحمد عامر کو برطانوی سفارتخانے سے آج پاسپورٹ ملنے کا امکان ہے ۔ پاسپورٹ ملنے کی صورت میں وہ کل اسلام آباد سے لندن روانہ ہونگے ۔سٹی آف ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں سماعت مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے ہو گی۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی بھی انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ سماعت کے دوران آبزرور کی حیثیت سے پیش ہوں گے ۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی سماعت میں مجسٹریٹ کھلاڑیوں کی اگلی سماعت اور ان کی ضمانتوں کا طریقہ کار طے کریگی ۔