29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حیدرآباد سینٹرل جیل میں شیلنگ و فائرنگ ،4قیدی ہلاک
جنگ نیوز -
حیدرآباد…سینٹرل جیل حیدرآباد میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ اور شیلنگ سے4قیدی ہلاک ہوگئے ہیں،جبکہ12سے زائدقیدی زخمی ہوگئے ہیں۔اس سے پیشترسینٹرل جیل حیدر آباد میں قیدیوں نے دو روز سے پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے ،انتظامیہ نے احتجاج ختم کرانے کے لئے ضلع بھر سے پولیس طلب کر لی ، اس دوران قیدی احتجاجا چھتوں پر چڑھ گئے اور جیل انتطامیہ کی جانب سے سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جیل کی چھت پر چڑھ کر نعرے بازی کرتے رہے،قیدیوں کا کہنا تھا کہ دو روز سے جیل میں انتظامیہ نے پانی اور بجلی بند کررکھا ہے جس سے گرمی کے موسم میں قیدیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،جیل انتظامیہ قیدیوں کے خلاف آپریشن کرنا چاہتی ہے ۔ڈی آئی جی جیل حیدر آباد عاشق میمن نے جیو نیوز کو بتایا کہ جیل میں گزشتہ روز پانی فراہم کرنے کی مشین خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے قیدیوں کو پانی فراہم نہیں کیا جا سکا اور اب مشین ٹھیک کر کے قیدیوں کو پانی فراہم کردیا گیا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ حیسکو کی جانب سے جاری ہے اورجیل میں کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا ہے ۔