تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

حج کرپشن کیس، حامد سعید کاظمی درخواست ضمانت خارج ہونے پر گرفتار

جنگ نیوز -
راولپنڈی . . . . . حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کو عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتارکرلیا گیا جس کے بعد ایف آئی اے نے ان سے حج کرپشن کیس سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔راولپنڈی کے اسپیشل جج سنٹرل سہیل ناصر نے حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت کی ۔ سابق وفاقی وزیر نے عدالت کے روبرو تسلیم کیا کہ پارلیمنٹرینز کیلئے حج کوٹہ ختم کیے جانے کے بعد انہیں سہولت دینے کیلئے اضافی عمارات کرایہ پر لی گئی تھیں ۔ ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ حامد سعید کاظمی نے من پسند افراد کونوازنے کے لیے سات ہزار سے زائد افراد کا حج کوٹہ روکا اور حجاج کے لیے حاصل کی گئی گیارہ عمارات خالی رہنے سے حکومت پاکستان کو بیس کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ اس پر فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ اس طرح تو کابینہ کی جانب سے پارلیمنٹرینز کیلئے کوٹہ ختم کرنے کا کچھ فائدہ نہیں ہوا۔ ایف آئی اے نے حامد سعید کاظمی پر اپنے بنک اکاؤنٹس چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے فارن کرنسی اکاؤنٹ اور رحیم یار خان میں سیکڑوں کنال اراضی کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کیں ۔ حامد سعید کاظمی نے موقف اختیار کیا کہ ان کے مریدوں نے یہ زمین انہیں بطور تحفہ پیش کی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے حامد سعید کاظمی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیر کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں جنہیں بدھ کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.