29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں کشیدگی برقرار،7افراد ہلاک متعدد زخمی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . کراچی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی اور فائرنگ کا سلسلہ چند گھنٹے تھمنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیاہے،جس میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، پانچ روز سے جاری خون خرابے میں ملوث کسی بھی ملزم کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔کراچی میں کئی روز سے جاری فائرنگ اور پر تشدد واقعات کا سلسلہ چندگھنٹوں کے لئے تھمنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیاجبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اب تک کسی ملزم کو گرفتارنہیں کرسکے ہیں۔منگل کی شام ناظم آبادچھوٹامیدان کے قریب مسلح موٹر سائکل سواروں نے فائرنگ کر کے ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے بھائی 28سالہ عمران کوہلاک جبکہ اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا۔واقعہ کے بعد کشیدگی پھیل گئی دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔کورنگی سوکوارٹرزسے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی جسے تشدد کے بعدگولیاں ماری گئیں۔شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30سالہ کامران موقع پر ہی دم توڑ گیا،اس سے قبل آج صبح لیاری اور کھارادرکے مختلف علاقوں میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے3افراد35سالہ انیس احمد،22 سالہ شہزاد یوسف اور65سالہ عمران کو ہلاک کردیا۔ کورنگی ڈھائی نمبرمیں سیاسی جماعت کے پرچم لگانے والے نوجوانوں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں 30 سالہ لال محمد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔احسن آباد میں بھی اسی نوعیت کی کارروائی میں دو سیاسی کارکن زخمی ہوگئے۔اورنگی ٹاؤن، لانڈھی بھینس کالونی، نیو کراچی گودھرا کیمپ اور ملیر میں فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد زخمی ہوئے۔دو روز قبل سیاسی جماعت کے کارکن کو اغوا کے بعد قتل کرنے کا مقدمہ نجی اسپتال کے مالک اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔