29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں بدامنی کسی کے مفاد میں نہیں، اسفندیار ولی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ کراچی کو غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کو بے نقاب کیا جائے۔ کراچی میں بدامنی ایم کیوایم اور اے این پی سمیت کسی کے مفاد میں نہیں ۔پشاور میں اے این پی کی مرکزی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بدامنی کسی بھی جماعت کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں کراچی کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، حکومت ایسی قوتوں کو بے نقاب کریں ۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھاکہ کراچی میں اردو بولنے والے کے ہاتھوں قتل کو ایم کیوایم اور پختون کے ہاتھوں قتل کو اے این پی کے کھاتے میں ڈالنا درست نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر زرداری کے سامنے رحمان ملک کو ایم کیوایم کا ایجنٹ کہہ کر پکارا، اسفندیا ر کا کہنا تھا کہ وہ آزاد عدلیہ کے حامی ہیں تاہم عدلیہ کا دیگر اداروں پر اثر انداز ہونا کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے ججوں سے متعلق کوئی ریمارکس نہیں دیئے۔ شدت پسندوں کے ساتھ بات چیت سے متعلق اسفندیار کا کہنا تھا کہ شدت پسند اگر حکومتی رٹ تسلیم کریں اور تشدد کا راستہ ترک کریں۔ تو ان سے بات چیت کی جاسکتی ہے ۔