29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جامعہ کراچی : شہید جمہوریت فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ہمارے نوجوانوں نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے خصوصاًکھیل کے میدان میں پاکستان نے بڑے نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔اسپورٹس ہمیں برداشت اور ڈسپلن کی تربیت دیتا ہے اور یہ ٹورنامنٹ جس عظیم شخصیت کے نام سے منسوب ہے ، ان کی ساری زندگی اورکارنامے ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جامعات میں اس طرح کی مثبت سرگرمیاں ہوتی رہنی چاہئیں یہ بات اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی اور پی ایس ایف کے صدر بشارت اللہ نے جامعہ کراچی ،پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ”تیسرے شہید جمہوریت“ انٹر ڈیپارٹمنٹل فٹ بال ٹورنامنٹ 2011 کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہی جو کہ جامعہ کراچی کے فٹ بال گراؤنڈ پر منعقد ہوا جبکہ افتتاحی میچ ویژول اسٹڈیز اور سوشیالوجی کے مابین کھیلا گیا اس موقع پر طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی جو اچھے ”موو“ پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔ ٹورنامنٹ میں مختلف شعبہ جات کی 42 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔اس موقع پر مہمانوں کو شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔ بعدازاں کھیلے گئے میچ میں پبلک ایڈمنسٹریشن نے کیمیکل انجیئرنگ کو 2 گول سے شکست دی۔ ڈی پی اے کی کامیابی میں محمد احمد کی عمد کپتانی اور رضوان کریم کی شاندار گول کیپنگ شامل تھی۔ انہوں نے کئی یقینی گول بچائے۔ نور عالم اور سعید نے ایک ایک گول اسکور کیا۔