تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے انتخابات ،سعید شیخ صدر منتخب

جنگ نیوز -
ہیوسٹن ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... امریکہ کے شہر ہیوسٹن اور پاکستان کے شہر کراچی کے شہریوں کی مشترکہ نمائندگی کرنے والے تنظیم ”ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن“ کے انتخابات میں ہیوسٹن کی ممتاز سماجی سیاسی شخصیات ممتاز تاجر سعید شیخ کو دو سال کیلئے صدر منتخب کرلیا گیا۔ اس ضمن میں ہیوسٹن کے ایک مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سابقہ صدر ہارون شیخ نے نومنتخب صدر سعید شیخ کو ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کی خصوصی پن دی۔ مذکورہ تنظیم میں جن دیگر عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اس میں ڈاکٹر برکت علی چارانیہ کو نائب صدر، سلمان خان جنرل سیکریٹری اور اعظم خان کو خازن منتخب کیا گیاہے۔ تقریب میں ہیوسٹن سٹی ایسوسی ایشن کی رہنما مس ایلن گولڈ برگ نے کہا کہ آرلنگٹن ورجینا میں ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں دیگر شہروں کے علاوہ ہیوسٹن اور کراچی کا بھی بہت ذکر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال کا کھیل جو کہ امریکہ میں سوکر کے نام سے مشہور ہے اور یہ کھیل دنیا کے تمام ممالک میں مقبول ہے، اس لئے ہیوسٹن میں بھی اس کھیل کے فروغ کیلئے ہم سوکر اسٹیڈیم بنانے کی جستجو کررہے ہیں اور کراچی ہیوسٹن کی فٹبال ٹیموں کے درمیان مقابلے کی خواہش ہے۔ اس موقع پر سابق سٹی کونسل کے رکن مسرور جاوید نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعید شیخ کی قیادت میں مذکورہ ایسوسی ایشن دونوں شہروں کے درمیان ثقافت، کھیل کود اور دیگر شعبوں میں ماہر افراد کے درمیان رابطہ کرانے میں پل کا کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر نومنتخب صدر سعید شیخ نے کہا کہ وہ اپنی توانائیاں اس امر پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں کہ دونوں شہروں میں صنعت، تجارت، صحت، ثقافت اور میڈیا کے اراکین کے درمیان رابطہ کو موثر بنایا جائے اور دونوں شہروں سے وفود ایک دوسرے کے شہروں میں جاکر اس بات کا مطالعہ اور مشاہد ہ کریں۔واضح رہے کہ امریکہ کے 34 ویں صدر جنرل ریٹائرڈ آئیزن ہارور نے دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکی عوام کو مختلف ممالک کے باشندوں سے بہتر تعلقات استوار کرنے کیلئے 1956 میں سسٹر سٹیز انٹرنیشنل کی بنیاد رکھی اور اس کے تحت ہی دنیا کے دیگر ممالک میں سٹی میئر اور سٹیکاؤنسل لیول پر باقاعدہ سسٹی سٹی تنظیم کے بینر تلے تعلقات قائم کئے جاتے ہیں تاکہ ان شہروں کے درمیان تعلیم، ثقافت، سائنسی ترقی، نوجوانوں کے رابطے اور دیگر شعبوں میں رابطہ کیلئے دونوں شہروں اور دونوں ممالک کے نمائندوں کو قریب لایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں امریکہ کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن میں اس وقت کے میئر بل وائیٹ اور کراچی سٹی کے ناظم اعلیٰ مصطفی کمال کے درمیان ایک سرکاری دستاویز پر دستخط کئے گئے تھے۔ اس طرح کراچی امریکہ میں کسی بھی امریکی شہر کی 100 ویں سسٹی سٹی ہے۔ اسطرح لاہور،شکاگو اور حیدرآباد کے درمیان بھی سسٹر سٹی کے روابط قائم ہوچکے ہیں،نومنتخب صدر سعید شیخ نے اس سے قبل پاکستان چیمبر آف کامرس امریکہ کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور ان کی اس عہدہ پر کامیابی سے عوام الناس کو امید ہے کہ اب ان دونوں شہروں میں رہنے والے شہریوں کے درمیان رابطوں میں تیزی آئے گی اور وفود کا تبادلہ ہوگا۔ اس سلسلے میں کراچی میں بھی عنقریب تنظیم کی بنیاد ڈالی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.