تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

فوکو شیما ایٹمی پلانٹ کے ری ایکٹر چار میں ایک مرتبہ پھر آتشزدگی

جنگ نیوز -
ٹوکیو ... جاپان میں فوکو شیما ایٹمی پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر چار میں ایک مرتبہ پھر آگ لگ گئی ، جبکہ ری ایکٹر نمبر 5 اور 6 میں بھی درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے۔ زلزلے اور سونامی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرجانے کا خدشہ ہے ۔ جاپان میں زلزلے اور سونامی سے ہونے والی تباہی کے بعد جوہری تابکاری کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں ۔ فوکو شیما پلانٹ کے ری ایکٹرز میں درجہ حرارت کم کرنے کی کوششوں کے اب تک کچھ خاص نتائج برامد نہیں ہو سکے ہیں ۔ فوکو شیما پلانٹ چلانے والی ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ری ایکٹر نمبر چار میں منگل کی شب آگ لگ گئی اور دھواں فضا میں بلند ہوتے دیکھا گیا ۔ تاہم اس بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ۔ کمپنی کی انتظامیہ ری ایکٹر نمبر 4 میں جوہری ایندھن کی سلاخوں کو ٹھنڈا کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پانی برسانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر ری ایکٹر کا درجہ حرارت کم نہ ہوا توجوہری ایندھن کی سلاخیں یا تو پگھل جائیں گی یا پھر ہائیڈروجن گیس خارج کریں گی جس کے نتیجے میں ہائیڈروجن کا دھماکا ہوسکتا ہے ۔ جاپانی ٹی وی کے مطابق فوکو شیما پلانٹ کے ری ایکٹر نمبر 5 اور نمبر 6 میں بھی جوہری ایندھن کی سلاخوں کے اسٹوریج پولز کا درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے ۔ جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد ہلاک اور لاپتہ ہونے والوں کی تصدیق شدہ تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ حکام نے اب تک 3 ہزار 373 افراد کے ہلاک اور 7 ہزار 558 کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ جاپانی ٹی وی کے مطابق 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد 2 ہزار 400 شیلٹرز میں پناہ گزین ہیں ۔ بعض شیلٹرز میں اب تک خوراک ، پانی اور دیگر ضروری اشیا نہیں پہنچائی جاسکیں ۔ ٹرکوں اور ایمبولینسوں کے لئے ایندھن کی کمی کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات درپیش ہیں ۔ جمعے سے اب تک جاپان کے شمال مشرقی اور وسطی ساحلی علاقوں میں 5 یا اس سے زائد شدت کے 200 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے جاچکے ہیں ۔ گذشتہ روز بھی چھ سے زائد شدت کے ایک اور زلزلے نے ٹوکیو کے شہریوں کو لرزا دیا ۔ جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی شب کئی متاثرہ علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا اور درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ گیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.