تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

’ بھارت ممبئی حملوں سے متعلق معلومات دیگر ممالک سے شیئر نہ کرے‘

جنگ نیوز -
کراچی…ممبئی حملوں کے بعد امریکا نہیں چاہتا تھا کہ بھارت تحقیقات سے متعلق معلومات کا تبادلہ دوسرے ملکوں سے کرے ۔ اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن سے کہا تھا کہ وہ انفارمیشن جاری کرنے میں تاخیر کیلئے نئی دہلی پر زور ڈالے ورنہ ، تحقیقات جاری رکھنے کی پاکستانی صلاحیت سمیت آئی ایس آئی کے چیف جنرل شجاع پاشا کی ساکھ بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔ این ڈبلیو پیٹرسن نے اس تشویش کا اظہار تین جنوری دو ہزار نو کو واشنگٹن بھیجے گئے مراسلے میں کیا ۔ پیٹرسن کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اپنی تحقیقات کے بارے میں تمام انفارمیشن اگلے ہفتے اُن تمام ملکوں سے شیئر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جن کے شہری ممبئی حملوں میں مارے گئے ۔ اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر نے لکھا کہ تحقیقات ایک بار مکمل ہونے سے پہلے دیگر ملکوں سے شیئر کرنا قبل از وقت ہوگا ۔ اس سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تحقیقات سے متعلق کوششیں اور پاک بھارت تعاون متاثر ہوگا ۔ این ڈبلیو پیٹرسن کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے بارے میں کوئی بھی انفارمیشن انٹیلی جنس چینلز کے درمیان رکھنے کی سی آئی اے کی یقین دہانی کے بعد جنرل شجاع پاشا نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ پاکستان جو بھی تحقیقات کریگا اس سے متعلق کوئی بھی اطلاع بھارتی اور امریکی انٹیلی جنس سے شیئر کی جائے گی ۔ اگر بھارت اپنی تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ نہیں کرتا تو اس سے نہ صرف پاکستان کیلئے تحقیقات جاری رکھنے کی صلاحیت اور خود جنرل شجاع پاشا کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے بلکہ پاکستان کے عوام کا ردعمل بھی شدید ہوجائے گا ۔ مراسلے میں این ڈبلیو پیٹرسن نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ بھارتی حکومت کو کوئی بھی انفارمیشن اسوقت تک ریلیز کرنے سے روکے جب تک انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے پاکستان سے معلومات شیئر کرکے آگے بڑھنے کے قابل نہ ہوجائیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.