تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

میکسیکو کی فضاوٴں میں بھی امریکی ڈرون طیارے منڈلانے لگے

جنگ نیوز -
واشنگٹن …فارن ڈیسک… میکسیکو میں منشیات کے کاروبار کے خلاف امریکی ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ میکسیکو میں قانون کی حکمرانی کی پابندیوں اور مخالف سیاسی جذبات اٹھنے کے خوف سے امریکی مدد کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔ امریکی اخبار’نیو یارک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق ملٹری جاسوس طیارے میکسیکن منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد اور ان کے نیٹ ورک کی خفیہ معلومات جمع کرتے ہیں ۔ امریکی اور میکسیکن حکام کے مطابق میکسیکو میں جاری منشیات کے خلاف جنگ میں امریکا اس حد تک ملوث ہو چکا ہے کہ اوباما انتظامیہ انٹیلی جنس کی معلومات کے لیے اپنے ڈرونز کو میکسیکو کے علاقے میں بھیج رہا ہے۔پینٹاگون نے گذشتہ ماہ میکسیکو کی فضائی حدود میں غیر مسلح جاسوس طیاروں کی پروازیں شروع کی جن کا مقصد معلومات جمع کر کے میکسیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ان کے خلاف موٴثر کارروائی کرسکیں۔امریکی انتظامی افسران کا کہنا ہے کہ ہوم لینڈ سیکورٹی ڈرون میکسیکن حکام کی مدد کر رہا ہے۔ ان افراد کو پکڑنے کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے جو فروی میں امریکا کے امیگریشن اور کسٹم ایجنٹ کے قتل میں ملوث ہیں۔صدر اوباما اور ان کے میکسیکن ہم منصب فلپ کالڈیران کے درمیان 3 مارچ کو وائٹ ہاوٴس میں ملاقات کے دوران باضابطہ طور پر ڈرونز پروازیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ میکسیکو میں منشیات کے تشدد کی وجہ سے گزشتہ چار سال میں 34ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔پینٹاگون ، امریکی محکمہ خارجہ ، ہوم لینڈ سیکورٹی اور میکسیکن حکام نے میکسیکو کے انسداد منشیات کی کوششوں میں جاسوس طیاروں کے آغاز کے بارے میں عوامی سطح پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ لیکن بعض افسران نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پر بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.