29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب میں اداروں کو لڑانے کی روش خطرناک ہے، راجا ریاض
جنگ نیوز -
لاہور...پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہاہے کہ نوازشریف، وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے بھی اداروں کولڑانے کی کوشش کی تھی، پنجاب حکومت کی اداروں کولڑانے کی روش خطرناک ہے۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس اسپیکر رانا اقبال کی صدارت میں شروع ہوا تو پنجاب حکومت کی جانب سے نادرا آفس کوسیل کرنے اورملازمین کوحراست میں لینے کیخلاف اپوزیشن نے علامتی واک آؤٹ کیا۔راجا ریاض نے کہا کہ تہمینہ درانی کے بھائی لیاقت درانی کو5 لاکھ روپے ماہانہ کنٹریکٹ پر رکھ کرمیرٹ کی دھجیاں اڑادی گئیں ،جبکہ صوبے میں شولڈر پروموشن ختم کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور890افسر اپ گریڈ سیٹوں پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ وہ اداروں کاٹکراؤ رکوائیں،سب جانتے ہیں کہ اسپیکر استعفا دیدیں گے لیکن کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے”اسپیکر قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں“ کے نعرے لگائے۔