29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ٹیکسوں کے نفاذ سے اشیا خوردونوش مہنگی ہوں گی، انجم نثار
جنگ نیوز -
کراچی… حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے جہاں باہر سے منگوائی گئی کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہوں گی۔ وہاں مقامی سطح پر چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ تما م بنیادی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ایوان صنعت و تجارت کراچی کے سابق صدر انجم نثار نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسپیشل ایکسائیز ڈیوٹی1 سے2.5 فیصد کرنے سے باہر سے منگوائی گئی پرتعمیر اشیا جیسے ٹن فوڈ، جوسز، پنیراور کھانے پینے سمیت بیشتر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا۔پاکستان شوگر ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید کیانی کے مطابق28 روپے80 پیسے کے بجائے چینی کی موجودہ ایکس مل قیمت پر8 فی صد سیلز ٹیکس لگانے اورایکسائیز ڈیوٹی میں1.5 فی صد اضافے سے چینی کی فی کلو قیمت میں تقریبا6 روپے تک اضافہ متوقع ہے۔ماہرین کے مطابق چینی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث4 افراد پر مشتمل گھرانے پر جو4سے5 کلو چینی ماہانہ استعمال کرتا ہے اسے اضافی تقریبا30 روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ماہرین کے مطابق کھاد کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس کے نفاذ سے اجناس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا جس سے ملک میں پیدا ہونے والی تمام اجناس کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔