29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
صدر زرداری کا پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی سے خطاب
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو غیر مستحکم کرنے اور جمہوریت کو کمزور کرنے کا کوئی کام نہیں کرے گی۔ صدر زرداری نے یہ بات کراچی سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ارکان صوبائی اسمبلی سے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹیلی فونک خطاب کے دوران کی۔صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر نے پیپلز پارٹی پنجاب کے کے ارکان صوبائی اسمبلی کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ذمہ دار اور اہم اپوزیشن کے طور پر ادا کریں اور جمہوریت کی روح کے منافی کوئی بیان بازی یا اقدام نہ کریں۔صدر زرداری نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت سے علیحدگی کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کے ارکان کو ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز سمیت درپیش دیگر مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حلکیلئے وزیر اعظم کی مشاورت سے کمیٹی قائم کی جائے گی،صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر فخر ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بدترین سیلاب سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس کے باوجود سرکاری ملازمین،کسانوں اور غریبوں کو مراعات فراہم کیں۔