تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

پنجاب کے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے ،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے تاحال جاری ہڑتال پرگہری تشویش کااظہار کیا ہے اورمطالبہ کیاہے کہ ڈاکٹرزکی تنخواہوں میں اضافہ اور ان کے جائزمطالبات فی الفورمنظور کیے جائیں۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ مہنگائی کے دور میں ینگ ڈاکٹرزکم تنخواہوں کے باعث شدیدمالی مشکلات کاشکارہیں اورحالات سے تنگ آکراپنے جائزمطالبات کیلئے گزشتہ پندرہ روزسے احتجاج پرمجبور ہیں ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹرزکی ہڑتال کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کوطبّی سہولیات کی فراہمی میں سخت مشکلات کاسامناہے تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹرزکے مطالبات پرتوجہ نہیں دی جارہی جس کے باعث حالات خراب سے خراب ہوتے جارہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ملک میں ڈاکٹرز کی تنخواہیں دیگر ممالک کی طرح زیادہ نہیں ہیں جس کے باعث ہزاروں ینگ ڈاکٹرز مایوس ہوکر ملک سے باہر جاکراپنی خدمات دینے پر مجبور ہوگئے ہیں اور ملک سے باہر چلے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی کمی کے باعث جو ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ان پر کام کاشدید دباؤہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرح جن ممالک میں ڈاکٹرز کی تنخواہیں کم تھیں ان ممالک نے بھی اس شعبے سے وابستہ افراد کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ان کی تنخواہیں بڑھا دی ہیں جس کے باعث وہ اپنے ملک میں رہ کربخوشی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے پرزورمطالبہ کیا کہ ”ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب “کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اورڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرواکرانہیں ملک میں تحفظ فراہم کیاجائے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.