29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکی ڈاکٹرز بھی بریڈلے میننگ پر زیادتیوں کیخلاف سراپا احتجاج
جنگ نیوز -
واشنگٹن…انسانی حقوق کی تنظیموں کے بعد اب امریکا کے ڈاکٹرز کے حقوق کی تنظیم نے بھی گرفتار فوجی بریڈلے میننگ کے ساتھ زیادتیوں کیخلاف آواز اٹھادی۔ فزیشیئنز فار ہیومن رائٹس نامی امریکی تنظیم کا کہنا تھا کہ ورجینیا کے فوجی اڈے پر فوجی ماہرین نفسیات اخلاقی ذمہ داریوں سے انحراف کررہے ہیں۔ امریکا کی خفیہ فوجی اور سفارتی دستاویزات چرانے کے الزام میں گرفتار فوجی پر پہلے ہی تشدد کا معاملہ کافی گرم ہے جس پر صدر براک اوباما بھی صفائی پیش کرچکے ہیں۔ ڈاکٹرز کے حقوق کی تنظیم نے اس امر پر تشویش ظاہر کی ہے کہ فوجی ماہرین نفسیات نے بریڈلے میننگ کو مسلسل تنہا قید میں رکھنے کی اجازت کیسے دے رکھی ہے۔ تنظیم نے گرفتار فوجی کے ساتھ اپنے ساتھیوں کے ہاتھوں کیے جانے والے سلوک کو بے رحم اور غیر انسانی قرار دیا ہے۔