29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں تشدد کی لہر جاری،تازہ واقعات میں11افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں تشدد کی لہر جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں میں آج فائرنگ کے واقعات میں دو پولیس افسران اور اور سیاسی کارکنوں سمیت گیارہ افراد جاں بحق جبکہ13زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری میں پولیس کے سب انسپکٹر55 سالہ اقبال اور اس کے25 سالہ بیٹے عمیر اقبال کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مقتول اقبال اورنگی ٹاون تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھا۔ ناظم آباد میں انڈر پاس کے قریب پر تشدد کارروائی میں ملیر کا رہائشی65 سالہ نصیر الدین جاں بحق ہوگیا۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے مذہبی جماعت کا کارکن عمر فاروق جاں بحق ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔جس کے بعد متاثرہ علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دوکانیں بند کرا دی ۔ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے اشرف ہلاک ہوگیا۔ سلطان آباد میں سیاسی جماعت کے پرچم اور بینر لگانے والے کارکنوں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فیصل صغیر ہلاک جبکہ5 افراد زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے فرید کالونی میں فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی سہیل عمر اور گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے40 سالہ اخلاق رفیق ہلاک ہوا۔ پاک کالونی کے علاقے جوہر کالونی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ لائٹ ہاؤس سگنل کے قریب فائرنگ سے27 سالہ طلحہ محمد ہلاک ہوا۔ نارتھ ناظم آباد میں کٹیپہاڑی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔