29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ریمنڈ ڈیوس کیس میں فیصلے سے ان کا ضمیر مطمئن ہے،وکیل راجا ارشاد
جنگ نیوز -
لاہور…ریمنڈ ڈیوس کیس میں ورثا کے وکیل راجا ارشاد کاکہنا ہے کہ عدالت نے قرآن اور سنت کی روشنی میں درست فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے سے ان کا ضمیر مطمئن ہے۔ریمنڈ ڈیوس کیس میں مقتولین کے ورثا کے وکیل اسد منظوربٹ تھے، لیکن فیصلے کے روز مقتولین کے18 ورثا کے ہم راہ ایک اور وکیل راجا ارشاد کوٹ لکھپت جیل پہنچے اور عدالت میں ورثا کی جانب سے اپنا وکالت نامی پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق عدالت میں کارروائی شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی ریمنڈ ڈیوس پر فرد جرم عائد کردی گئی اور اس کے ساتھ ہی راجا ارشاد نے ورثا کی جانب سے ریمنڈ ڈیوس کو معافی دینے کا حلف نامہ داخل کرادیا جس میں ورثا نے دیت کی رقم وصول کرنے کی بھی تصدیق کی تھی۔ عدالت نے ورثا سے تصدیق کرنے کے بعد ریمنڈ ڈیوس کو قتل کے مقدمے میں رہا کرنے کا حکم دیا۔ ورثا کے نئے وکیل راجا ارشاد سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل ہیں اور سپریم کورٹ میں لاپتا افراد کے کیس میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کی طرف سے وکیل کے طور پر پیش ہوتے رہے ہیں۔کچھ عرصہ پہلے اس بارے میں پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کا بیان بھی سامنے آ چکا ہے۔ دوسری جانب راجا ارشاد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے اس سوال کا جواب دینے میں گریز کرتے رہے کہ وکیل کے طور پر ان کی خدمات کس نے حاصل کی تھیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک پروفیشنل وکیل ہیں اورفیصلے پر ان کا ضمیر مطمئن ہے۔