29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
شریف برادران شمائلہ کے لواحقین کو مکمل تحفظ فراہم کر یں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے لاہورمیں ریمنڈڈیوس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مقتول فہیم کی بیوہ مرحومہ شمائلہ کی والدہ،ماموں اور دیگراہل خانہ کی حراست اوران پرکئے جانے والے بہیمانہ تشددکی شدیدمذمت کی ہے اوراس عمل کو صریحاً غیرشرعی، غیراسلامی اورسراسرظلم قراردیاہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے حکومت پنجاب خصوصاًوزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اورگورنرپنجاب سردارلطیف کھوسہ سے پرذورمطالبہ کیاہے کہ مقتول فہیم کی بیوہ شمائلہ کی والدہ اورماموں سمیت تمام اہل خانہ کوفی الفوررہاکیاجائے اورانہیں مکمل تحفظ اورانصاف فراہم کیاجائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ مسلم لیگ کے سربراہ میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی بہن بیٹیوں والے ہیں لہٰذا انہیں مرحومہ شمائلہ کے لواحقین کونہ صرف مکمل تحفظ فراہم کرناچاہیے بلکہ لواحقین کے غم میں برابرکاشریک ہوکرانہیں انصاف دلانے کیلئے ہرممکنہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم ایم کیو ایم کے کارکنوں اور حق پرست عوام کو ایم کیو ایم کے27ویں تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ایم کیو ایم کے 27ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کا 27واں یوم تاسیس ملک و قوم کیلئے مبارک ثابت ہوگا اور یہ یوم تاسیس ناصرف ملک بھر کی مظلوم قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی جدوجہد کے لئے باعث رحمت و سعادت ہے بلکہ ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظا م کے خاتمے سمیت ملک کی ترقی و خوشحالی کا پیغام لیکر آیا ہے ، منزل قریب آرہی ہے، انقلاب پاکستان کا مقدر بن چکا ہے اوروہ دن دورنہیں جب اس ملک پر98فیصدعوام کی حکمرانی قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے فرسودہ نظام کے خاتمے اور غریب و متوسط طبقے کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کی پاداش میں اپنی جانوں کے لازوال نذرانے پیش کرنیوالے کارکنان ،قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کارکنان ، خواتین ، بزرگوں اور بچوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ کارکنان نے کٹھن و نامساعد حالات کا سامنا کیا لیکن حق پرستی کے علم کو تمام تر مظالم اور گھناوٴنی سازشوں کے باوجود گرنے نہیں دیا اور مضبوطی سے تھامے رکھا اور یہ حق پرستانہ مشن و مقصد فکر و فلسفے اور نظریے کی سچائی ہی ہے کہ آج ایم کیو ایم کی جدوجہد ملک بھر کے غریب و متوسط طبقے کے عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ الطاف حسین نے تحریک کے ایک ایک کارکن، ایک ایک ماں،ایک ایک بہن ، ایک ایک بزرگ اورقوم کے ایک فردکودل کی گہرائیوں سے ایم کیوایم کے27ویں یوم تاسیس کی مبارکبادپیش کی۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہیدوں کی قربانیوں کوقبول فرمائے، انکے درجات بلند فرمائے،ہمیں ثابت قدمی ومستقل مزاجی سے جدوجہدجاری رکھنے کی توفیق دے اورشہیدوں کے لہوکے صدقے ہماری تحریک کوکامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ (آمین)