29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں تشدد کی لہر جاری،دو پولیس افسران سمیت 13افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں تشدد کی لہر جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں میں آج فائرنگ کے واقعات میں دوپولیس افسران اورسیاسی کارکنوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں سب انسپکٹر 55 سالہ اقبال اور ان کے25 سالہ بیٹے عمیر اقبال کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول اقبال اورنگی ٹاون تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے، اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے مذہبی جماعت کا کارکن عمر فاروق جاں بحق ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔جس کے بعد متاثرہ علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں بند کرا دیں ۔ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے اشرف نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ سلطان آباد میں سیاسی جماعت کے پرچم اور بینر لگانے والے کارکنوں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے فرید کالونی میں فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی سہیل عمر اور گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے40 سالہ شخص اخلاق رفیق ہلاک ہوگیا۔ پاک کالونی کے علاقے جوہر کالونی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،لائٹ ہاؤس سگنل کے قریب فائرنگ سے 27 سالہ طلحہ محمد کو قتل کردیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فرنٹئیر کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔نارتھ ناظم آباد میں کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔کئی روز سے جاری دہشت گردی کی لہر میں شہر کی چھوٹی بڑی اکثر مارکیٹیں بند رہیں ،گلزار ہجرہی سکیم 33 میں شیرشاہ کباڑی مارکیٹ کے صدر زاہد ملک پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا تاہم وہ محفوط رہے جبکہ گارڈز کی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی حالت میں فرار ہو گیا ۔