تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

سلامتی کونسل نے معمرقذافی کی فوج پر فضائی حملوں کی منظوری دیدی

جنگ نیوز -
نیویارک ... سلامتی کونسل نے معمرقذافی کی فوج پر فضائی حملوں کی منظوری دیدی۔ لیبیا کو نو فلائی زون قراردینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ لیبیا نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو ملکی وحدت اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیدیااور کہا ہے کہ باغیوں کے ساتھ جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔ نیویارک میں ہونے والے اجلاس میں اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے لیبیا پر فضائی حملے کی منظوری دی۔ ووٹنگ میں 10 ممبران نے حصہ لیا جب کہ روس اور چین سمیت 5ممبران نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ سلامتی کونسل کے کسی ممبر نے قرارداد کو ویٹو نہیں کیا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت مخالف قوتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اس سے پہلے عرب لیگ نے بھی لیبیا پر نوفلائی زون بنانے کی حمایت کی تھی۔ سلامتی کونسل کی پابندیوں پرلیبیا نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں خانہ جنگی کو ہوا ملے گی اور یہ عمل ملکی وحدت اور استحکام کے منافی ہے۔ لیبیا کے ڈپٹی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ لیبیا کی فورسز پرفضائی حملے کی اجازت بین الاقوامی برادری کا جارحانہ رویہ ہے اور یہ لیبیا کے شہریوں کو ایک دوسرے سے لڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد سے فرانس، برطانیہ اور امریکا کے مقاصد واضح ہوتے ہیں کہ وہ لیبیا کو متحد نہیں دیکھنا چاہتا۔خبرایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل کی قرارداد کے پیش نظر لیبیا نے بن غازی پر حملے کا منصوبہ ترک کردیا ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق امریکی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کرنل معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام نے کہا کہ بن غازی میں فوج نہیں بھیجی جارہی اور لیبیا کی قیادت کی جانب سے یہ اقدام انسانی جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باغیوں کو غیرمسلح کرنے کے لیے حکومت صرف پولیس اور انسداد دہشت گردی کی فورس بھیجے گی۔ اس سے قبل معمرقذافی نے سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج بن غازی میں باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا اور باغیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا رحم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد باغیوں نے بھی بن غازی میں سکیورٹی فورسز کے متوقع حملے کے پیش نظر تیاریاں شروع کردی تھیں۔سلامتی کونسل کی قرار داد کے بعد لیبیا کے شہر بن غازی میں جشن اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.