29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، ہلاکتوں کی تعداد44ہو گئی
جنگ نیوز -
میرانشاہ…شمالی وزیرستان میں قبائیلی جرگے پر گزشتہ روز ہونیوالے ڈرون حملے کے مزید تین زخمی دم توڑ گئے ہلاک افراد کی تعداد 44 ہوگئی، آٹھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں گزشتہ روز ڈرون حملہ اس وقت کیا گیا جب کزہ مدہ خیل قبائیل کا کرومائیٹ کے پہاڑ کی ملکیت کے تنازعے پر جرگہ جاری تھا،اس دوران جاسوس طیاروں سے ڈیرے پر یکے بعد دیگرے چھ میزائیل فائر کیے گئے۔ حملے میں 25افراد موقع پر ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ 17زخمی طبی امداد پہنچنے سے قبل چل بسے جبکہ اب مزید تین زخمی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 44 تک جاپہنچی ہے۔سرکاری حکام نے تمام ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ جن میں چار قبائیلی عمائدین اور خاصہ دار فورس کے سات اہلکار بھی شامل ہیں۔ جبکہ8 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ رواں سال میں یہ بیسواں ڈرون حملہ ہے۔ چیف آف وزیرستان ملک نصراللہ خان نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کو خوں بہا ادا کیا جائے۔