29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم گرم، کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ، برف مہنگی
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم گرم ہونے کے ساتھ ہی طویل اورغیراعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی۔ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔نوابشاہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی مانگ اوربرف کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ لاڑکانہ میں دن کے اوقات میں درجہ حرات40سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔گرمی کی وجہ سے دن میں سڑکوں میں سناٹا رہتا ہے ۔بس اڈوں اورریلوے اسٹیشنوں پر ٹھنڈے مشروبات کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں ۔جیکب آباد اور قرب و جوار میں بھی موسم گرم ہے۔گرمی کے آغاز سے ہی رات و دن کے اوقات میں شہری و دیہی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت،ہنزہ نگر اور استور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔استور کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں جس کی وجہ سے خوراک وادویات کی قلت سمیت لوگوں کوکئی مسائل کاسامنا ہے۔سوات میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے ، بحرین کالام روڈ ڈیڑھ ماہ سے بند ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سڑک کھلنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔