29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
برطانیہ، ایشیائی باشندوں میں شوگر اور دل کے دورے کی شرح میں اضافہ
جنگ نیوز -
لندن…فارن ڈیسک… برطانیہ میں ایشیائی باشندوں میں شوگر اور دل کے دورے کی شرح سفید فام برطانوی باشندوں سے زیادہ ہے،جب کہ کینسر کم ہے۔ برطانیہ میں ڈھائی لالک ایشیائی باشندوں کی صحت کے متعلق تحقیق کی جارہی ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی برطانوی ایشیائی باشندوں کی صحت پر ایک تفصیلی تحقیق کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔یہ مطالعہ ایک غیر معمولی وسیع پیمانے پر کیا جائے گا۔برٹش ایشین ہیلتھ اسٹڈی برطانیہ میں دو لاکھ 50ہزار بھارت ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے باشندوں پر تحقیق کرے گی جن کے عمریں18سے74سال کے درمیان ہیں۔امید ہے کہ اس مطالعہ سے لوگوں کی غذا اور طرز زندگی کا پتہ چلے گا جو ان کے لیے کینسر ، دل کی بیماری ، ذیابیطس اور فالج سمیت عام بیماریوں کی وجہ بنتی ہیں۔اس سے پہلے جو تحقیق کی گئی وہ چھوٹے پیمانے پر تھی جس میں صرف دس ہزار ایشیائی باشندوں کو شامل کیا گیا۔اس بات کے پہلے سے ثبوت موجود ہیں کہ برطانوی ایشیائی باشندوں میں ذیابیطس اور ہارٹ اٹیک کی شرح سفید فام برطانوی باشندوں سے زیادہ ہے۔دوسری طرف کینسر کے کئی قسم برطانوی ایشیائی باشندوں میں کم ہیں۔