29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خیبر پختونخوا اسمبلی: دیدار شاہ کی حمایت وچودھری نثار کی مذمت میں قرارداد منظور
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختون خوا اسمبلی نے نیب کے سابق چیئرمین سید دیدار حسین شاہ کے معاملے پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان کے خلاف مذمتی قرارد منطور کی ہے۔ قرارداد میں دیدار حسین شاہ پر اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ اپوزیشن نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اسے اداروں کے درمیان ٹکراو سے مترادف قرار دیا۔قرارداد صوبائی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر عبدالاکبر خان اور سینئر وزیربشیراحمد بلور نے پیش کی۔ قرارداد میں نیب کے سابق چیئرمین سید دیدار حسین شاہ پراعتماد کا اظہارکیا گیا اور بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ان کی خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قراداد میں قائد حزب اختلاف چودھری نثارکی طرف سے سید دیدار کی تقرری کے خلاف دائر رٹ کی مذمت کی گئی اوراسے بین الصوبائی ہم اہنگی اور جمہوری روایات کے مناقی قراردیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ میاں نوازشریف نے خود دیدارحسین شاہ کی بطور جج ان کی ایمانداری کا اعتراف کیا تھا۔ قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ تاہم اپوزیشن نے قرارداد کی مخالفت کی اورایوان سے واک آؤٹ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ قرارداد کی منظوری سے اداروں کے درمیان ٹکراو پیدا ہوگاجبکہ سینئر وزیر بشیر بلور کا موقف تھا کہ قرارداد عدلیہ کے خلاف نہیں بلکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار کے خلاف تھی۔