29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈرون حملہ:امریکا سے خون کا بدلہ لیں گے، وزیرقبائل کا اعلان
جنگ نیوز -
پشاور…شمالی وزیرستان گرینڈ جرگے کے سربراہ ملک جلال وزیر نے گزشتہ روز دتہ خیل میں جرگے پر ہونے والے ڈرون حملے میں بے گناہ قبائلیوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے امریکا سے خون کا بدلہ لینے کااعلان کیا ہے۔ پشاورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک جلال وزیر کا کہنا تھا کہ دتہ خیل میں زمین کے تنازع پرجرگہ ہورہا تھا۔ کہ امریکی ڈرون حملہ ہوا اور44 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے صبرکا پیمانہ لبریزہوگیا ہے اور ڈرون حملوں میں بے گناہ قبائل کو مارا جا رہا ہے۔ جلال وزیرکا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہیدوں کا بدلہ لیں گے اوراس اعلان پراتمان زئی اوراحمد زئی قومیں متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیگناہ شہدا کو دہشت گرد یا اس جیسے دوسرے الفاظ سے نہ پکاراجائے،یہ محب وطن قبائل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ریمنڈ ڈیوس جیسے ہزاروں امریکیوں کونکالنے کے اقدامات کرے ۔