29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب اسمبلی: ارکان عوامی مسائل کی بجائے سیاسی معاملات میں الجھے رہے
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی میں آج بھی عوامی مسائل کے بجائے سیاسی معاملات ہی زیر بحث رہے۔ اسپیکر رانا محمد اقبال نے مونس الٰہی کی گرفتاری کی اطلاع نہ دینے پر معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری ظہیر الدین کے مطالبے پر اسپیکر رانا اقبال نے مونس الٰہی کی گرفتاری کا نوٹس لیا۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ایف آئی اے کا ٹائپ رائٹر خراب ہونے سے اطلاع میں دیر ہوئی۔ رانا ثنا اللہ نے ایف آئی اے کا تحریری اطلاع نامہ اسپیکر کو پیش کیا جو انہوں نے ایوان میں پڑھ کر سنایا۔اس دوران مسلم لیگ ق کی خواتین ارکان مونس الٰہی کے حق میں نعرے لگاتی رہیں۔ چودھری ظہیر الدین نے مونس الٰہی کی گرفتاری کی ذمہ داری وزیر داخلہ رحمن ملک پر ڈال دی۔ جس پر پی پی ارکان اشرف سوہنا اور عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مونس الٰہی این آئی سی ایل کیس میں ملوث ہیں، اگر وہ بے گناہ ثابت ہوئے تو انہیں کندھوں پر اٹھا کر لائیں گے۔