29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پاکستان کیخلاف سازش ہے،مجلس وحدت مسلمین
جنگ نیوز -
کراچی...امریکی سی آئی اے کے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے انسانی حقوق کے عالمی ادارے بحرین میں امن مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی،معروف عالم دین مولانا عباس وزیری اور علامہ سلمان حسینی سمیت دیگر نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ریلی کا آغاز بعد نماز جمعہ جامعہ مسجد مصطفی عباس ٹاؤن سے ہو کر ابو الحسن اصفہانی روڈ پر اختتام ہوا،واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اٹھارہ مارچ کو ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا ۔مقررین کاکہنا تھا کہ امریکی سی آئی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی سے یہ ثابت ہو گیاہے کہ وہ ایک بہت بڑا دہشت گرد تھا اور اس کی رہائی میں پنجاب حکومت ملوث ہے،ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کی افواج کے ہاتھوں بحرین میں بے گناہ ،نہتے اور مظلوم مظاہرین کا قتل عام انتہائی افسوس ناک ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیرملکی فوجیں فی الفور بحرین سے نکالیں۔رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ بحرین میں غیر ملک افواج کی آمد میں امریکا ملوث ہے ،اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور امریکی اور صہیونی پرچم بھی نذر آتش کئے۔