29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
آئندہ کوئی پاکستانی قتل ہوا تو18 کروڑ عوام سڑکوں پر ہونگے، عمران خان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں مشترکا احتجاجی ریلی نکالی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آئندہ کوئی پاکستانی قتل ہوا تو18 کروڑ عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ریلی لال مسجد سے شروع ہوئی اور آب پارہ چوک پہنچ کر ختم ہوئی۔ مظاہرین نے امریکا،حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے کچھ شرکا نے ڈپلومیٹک انکیلو کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔ ریلی کے بعد آب پارہ چوک میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی وفاقی اور پنجاب حکومت کی امریکا سے ڈیل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے کارکن پر امن ہیں لیکن کل یہاں سڑکوں پر جنگ بھی ہو سکتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ جنرل کیانی کا ڈرون حملے کے خلاف بیان خوش آیند ہے،انہوں نے کہا کہ اب جنرل کیانی کو امریکا کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔