29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا کی حکومت کا ملک میں جاری آپریشن روکنے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
تریپولی…لیبیا نے سلامتی کونسل کی قرار داد کے بعد ملک میں جاری فوجی آپریشنز فوری طورپر روک دیا ہے ساتھ ہی باغیوں کو جنگ بندی کی پیشکش بھی کی گئی لیکن باغی کمانڈروں نے اسے مسترد کر دیا۔ ادھر نیٹو حکام نے لیبیا پر حملے کی تیاریاں تقریباً مکمل کرلی ہیں ۔ دارالحکومت طرابلس میں وزیر خارجہ Mussa Kussa نے صحافیوں کو بتایا کہ فوجی آپریشنر روکنے اور جنگ بندی کا فیصلہ شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیبیا اقوام متحدہ کا رکن ہے اس لیے سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ نوفلائی زون کی قرار داد منظور ہونے کے بعد لیبیا نے اپنی تمام فضائی کارروائیاں بند کر دی ہیں۔لیبیا کے شہر بن غازی میں باغی کمانڈروں نے جنگ بندی کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک اس پیشکش کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ ادھر برسلز میں نیٹو کے حکام نے بتایا ہے کہ لیبیا پر حملے کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قزافی کا کہنا ہے کہ وہ نیٹوکے حملوں سے خوف زدہ نہیں۔