29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکا کو اپنا آقا نہیں بننے دیں گے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی حکومت میں کسی سپر پاور کو پاکستان کا آقا نہیں بننے دیں گے ، متحدہ کی حکومت ہو گی تو دیکھیں گے کہ کون پاکستان پر ڈرون حملے کر تا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے27 ویں یوم تاسیس پر مختلف شہروں میں ٹیلے فونک خطاب میں کہی ۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شدت پسندی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے ، پاکستان نے سرد جنگ کے دوران امریکا کا ہر طرح سے ساتھ دیا ۔ اب امریکا بھی پاکستان کی بھرپور مدد کرے ۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ امریکا خوں بہا دے کر ریمنڈ ڈیوس کو واپس لے گیا ہے ۔ اب امریکی حکومت قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو اس کے والدین کے حوالے کردے ، الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیو ایم کی حکومت میں ہر نوجوان لڑکے لڑکی کے لئے ایک سال کی فوجی تربیت لازمی ہوگی ۔ ایم کیو ایم حکومت میں آکر غیرت کے نام پر خواتین کو قتل کرنے والوں کو سر عام پھانسی دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے دشمنی نہیں دوستی چاہتا ہے ۔ بھارتی حکمران بھی پاکستان کو دل سے تسلیم کریں ۔ ا یم کیو ایم کی حکومت میں مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کردیا جائے گا ۔ ا لطاف حسین نے عوام سے کہا کہ وہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کریں اور پولیس بھی لوگوں کے ساتھ اپنا رویہ بہتر بنائے ۔