29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بجلی کے2ٹاورتباہ ہونے سے بلوچستان کے15اضلاع کو فراہمی معطل
جنگ نیوز -
کوئٹہ … گڈو سے بلوچستان آنے والی بجلی کی دو ٹرانسمشین لائنوں کے دو ٹاوروں کو ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا ۔صوبے کے پندرہ اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے، کیسکو ذرائع کے کہنا ہے کہ مرمت کاکام انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کلیرنس کے بعد شروع کیا جائے گا۔ کیسکو ذرائع کے مطابق گڈو سے کوئٹہ آنے والی 132کے وی اور 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائنیں کے دو ٹاورز کو نامعلوم افراد نے مچھ کے قریب گشتری کے مقام پر اڑا دیا جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 42گریڈ اسٹشنوں کو بجلی سپلائی معطل ہوگئی۔ بجلی کی فراہمی بند ہونے سے صوبے کے پندرہ اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے، کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں مقامی پاور اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی، جبکہ کوئٹہ کے ہسپتالوں اوراخبارات کے دفاترمیں کام بری طرح متاثر ہوا ہے ۔کیسکو ذرائع کے مطابق کوئٹہ آنے والی ایک اور ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کو پہلے ہی ضلع نصیر آباد کے علاقے چھتر کے مقام پر دھماکہ خیز مواد سے اڑاگیا تھا جس کی مرمت کاکام دس روز گزرنے کے باوجود شروع نہیں سکا ہے۔کیسکو ذرائع کے مطابق ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب دھماکہ سے تباہ ہونے والے ٹاورز کی مرمت کاکام انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کلیرنس کے بعد شروع ہوسکے گا۔