تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

کیبل آپریٹر زکی ہڑتال، کئی شہروں میں جیوسمیت نجی چینلز کی نشریات بند

جنگ نیوز -
کراچی…کیبل آپریٹرز نے سرکار کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے کئی علاقوں میں آج دو پہر سے سرکاری ٹی وی کے سوا تمام نجی چینل24گھنٹے کیلئے بند کردیئے ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے خالد آرائیں نے آج دن بارہ بجے سے تمام کیبل ٹی وی چینلز کی نشریات بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ منڈی بہاؤالدین میں جیو کی نشریات کیبل پر بند کردی گئی ہیں،کیبل آپریٹرزکا کہنا ہے کہ معاملات طے ہونے تک نشریات بند رہیں گی۔فیصل آباد، چنیوٹ ،میاں چنوں،کوئٹہ، سکھر اور قرب جوار میں جیو نیوز سمیت تمام نجی چینلز کی کیبل پرنشریات بند کردی گئی ہیں۔لاہور میں گوالمنڈی اور چونگی امر سدھو میں بھی کیبل نشریات بند کردی گئی ہے اور صرف سرکاری چینلز دکھائے جارہے ہیں۔اسلام آباداور دیگر کئی مقامات پر بھی جیو سمیت دیگر چینلز کی کیبل نشریات بندہیں۔وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف11 میں کیبل پر چینلز کی نشریات بندہے جبکہ راولپنڈی میں صادق آبادسمیت کئی مقامات پر جیوسوپر سمیت کیبل سے نجی چینلز کی نشریات بندہے۔ پشاور میں ہشت نگری، قصہ خوانی، صدر، یونی ورسٹی روڈ،خیبر بازار، کریم پورہ، فقیر آباد، بشیر آباد، رشید آباد میں نشریات جزوی بندہیں۔ایبٹ آباد اور پنڈدادن خان شہرمیں جیو سمیت تمام نجی چینلز کی کیبل پر نشریات بند کردی گئیں جبکہ بھالیہ میں صرف جیونیوز کو بند کیاگیا ہے ،باقی چینلز کی نشریات جاری ہیں۔کیبل آپریٹرایسوسی ایشن کے خالد آرائیں کے مطابق48 گھنٹے بعدتمام چینلوں کی پوزیشن بھی تبدیل کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ جیو کی شکایت پر پیمرا نے کیبل آپریٹروں کیخلاف کارروائی کی،پیمرانے کیبل آپریٹرزکاسامان واپس نہ کیاتوہڑتال بڑھادیں گے۔یہ امرقابل ذکر ہے کہ جیو نیوز کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیمرا کی جانب سے کارروائی پر بجائے اس کے کہ پیمرا کیخلاف احتجاج کیا جا تا یا پولیس رپورٹ درج کرائی جاتی کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن نے جیو سمیت تمام نجی چینلز کیخلاف ایکشن کا اعلان کردیا ۔کچھ دنوں سے مختلف حلقوں میں یہ بات سنی جا رہی تھی کہ جیو کو مالی نقصان پہنچانے کے لئے ہتھکنڈے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.