29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پارلیمنٹ سے صدر کا خطاب، احتجاج روکنے میں تعاون سے ن لیگ کی معذرت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے چودھری نثارسے ملاقات کر کے صدارتی خطاب کے دوران ن لیگ کا ممکنہ احتجاج روکنے کیلئے تعاون طلب کیا تاہم چودھری نثار نے فوری یقین دہانی کرانے سے معذرت کر لی ہے ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آج صبح چودھری نثار کو ٹیلیفون کر کے آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی کا وفد ان سے ملاقات کریگا ۔ اس کے بعد وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رضا ربانی کی سربراہی میں نویدقمر،نذر گوندل اور راجہ پرویز اشرف نے چوہدری نثار سے ملاقات کی۔ ن لیگ کے رہنما زاہد حامد اور سردار ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ذارئع کے مطابق رضا ربانی نے پارلیمنٹ سے صدارتی خطاب کے دوران ن لیگ سے تعاون طلب کیا جس پر چودھری نثار نے کہا کہ اس بارے حتمی فیصلہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کریگی ۔ ملاقات کے اختتام پر چودھری نثار نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا تاہم رضا ربانی نے بتایا کہ انہوں نے بائیس مارچ کو صدر زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر چودھری نثار کو اعتماد میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے احتجاج بارے انہیں علم نہیں تاہم نوے کی دہائی کی سیاست شروع ہونے سے دونوں جماعتوں کو نقصان ہوگا اور امید ہے ایسا نہیں ہوگا۔ رضا ربانی نے بتایا کہ وزیر اعظم نے صدارتی خطاب پر اعتماد میں لینے کے لیے پیر کواتحادی جماعتوں کی پالیمانی پارٹیز کا اجلاس طلب کیا ہے۔