29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خیبر پختون خوا میں صوبائی محتسب سیکرٹیریٹ قائم کر دیا گیا
جنگ نیوز -
پشاور…صوبائی وزیر قانون ارشدعبداللہ نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب وزیر اعلیٰ سمیت صوبائی وزرا کے احکامات معطل اورصوبے کے سرکاری افسران کیخلاف شکایت ملنے پر کارروائی کرنے کا مجاز ہو گا ۔یہ بات انہوں نے صوبائی محتسب سیکرٹیریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کسی بھی شکایت پر ازخود نوٹس اورکسی بھی ادارے میں افسر کی تعیناتی یاقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا نوٹس لے سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی محتسب کے ذریعے لوگوں کی شکایات کا جلد ازالہ ممکن ہو گا۔ صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ رواں سال میں اب تک صوبائی محتسب کو70 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے22کیسز وفاقی محتسب ادارے کو بھجوائے گئے اور23 شکایات پر کارروائی کی گئی ہے۔