29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سیال کوٹ میں آندھی،10افراد ہلاک،113مکانات تباہ
جنگ نیوز -
سیال کوٹ…سیال کوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ میں اچانک ہونے والی بارش اور تیز آندھی سے113گھر تباہ ہوگئے ۔ واقعے میں10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔سیال کوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ کے قریب آج شام ہونے والی ہلکی بارش نے اچانک خوفناک روپ دھار لیا، بارش کے ساتھ اولے برسے اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز آندھی نے پورے علاقے میں قیامت سی برپا کردی۔ بارش اور آندھی سے4 گاؤں کے113کچے پکے مکانات کچھ ہی دیر میں ملبے کا ڈھیر بن گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پاک فوج کے اہل کار وہاں پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیرخاص منشا اللہ بٹ نے زخمیوں کی عیادت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت جلد ہی متاثرین کو گھر تعمیر کرکے دے گی جبکہ ان کیلئے ڈسپنسری اور کھانے کا بندوست بھی کیا جارہا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیا کوٹ میں آندھی کے بعد پاک فوج نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔