29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ملتان:حامد کاظمی کی گرفتاری کیخلاف مظاہرہ،پولیس سے جھڑپ اور لاٹھی چارج
جنگ نیوز -
ملتان…سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کی گرفتاری کے خلاف مختلف مذہبی تنظیموں کے کارکنوں اور ان کے مریدین کی بڑی تعداد نے ملتان کے بہاول پور بائی پاس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور توڑ پھوڑ کی ۔ملتان کے بہاول پور بائی پاس چوک پر مظاہرین حامد سعید کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے کہ اس دوران قریبی پلازہ سے مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد مظاہرے کے شرکا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس اور فائرنگ کرنے والے افراد پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے دو نوجوانوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا جن کو بچانے کی کوشش کرنے پر مظاہرین نے پولیس اہل کاروں اور افسران کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔تشددکے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی سمیت چھ پولیس اہل کار زخمی ہوگئے، جس کے بعد پولیس موقع سے فرار ہوگئی۔ مظاہرین نے پلازہ میں توڑ پھوڑ شروع کردی، 12 سے زائد دکانیں ، چار گاڑیوں اور درجنوں موٹر سائیکلوں کو توڑ دیا۔ دو گھنٹے کے بعد پولیس کی بھاری نفری افسران کے ہمراہ ایک مرتبہ پھر موقع پر پہنچی ۔ پولیس نے مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعد میں علامہ ساجد کاظمی نے اپنے بھائی کی رہائی کے لئے اجتماعی دعا کرائی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔