تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

سیالکوٹ: آندھی سے جاں بحق5افراد سپردخاک، فی کس 5لاکھ روپے امداد

جنگ نیوز -
سیالکوٹ… سیالکوٹ میں بارش اور تیز آندھی کے باعث جاں بحق ہونیوالے پانچ افراد کی تدفین کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے مرنے والوں کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کے چیک دیدے گئے۔ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے بہادرپورمیں بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز آندھی نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی۔ دوپہر کے وقت آنیوالے خطرناک طوفان کے نتیجے میں چار گاؤں کے113گھر تباہ ہوگئے۔ بجلی کے کھمبے اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔پانچ افراد جاں بحق اورچالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آندھی اتنی تیز تھی کہ آناً فاناً ان کاسب کچھ تباہ ہوگیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پاک فوج کے اہلکارمتاثرہ دیہات میں پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔علاقے میں طبی کیمپ لگایا اوربے گھرافراد کوخیموں میں منتقل کردیا گیاجبکہ متاثرین کو کھانا بھی فراہم کیاجارہا ہے۔آندھی کے باعث ہلاک ہونیوالے افراد کی نماز جنازہ بہادر پور میں ادا کی گئی،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی منشاء اللہ بٹ ، صوبائی وزیر ندیم کامران سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر ندیم کامران نے جنازے سے قبل سول اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو5، 5 لاکھ اور زخمیوں کو50، 50ہزارروپے کی امداد فراہم کردی گئی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.