29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
استعمار ی ایجنٹوں سے چھٹکارا پائے بغیر مسائل حل نہیں ہونگے،حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے وطن عزیز پر ڈرون حملوں اور بحرین، یمن، لیبیا سمیت دنیائے اسلام میں امریکی شہ پر جاری ظلم و تشدد کے تناظر میں عید نوروز سادگی سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی استعمار کے مفادات کے نگہبان اور نگران کٹھ پتلی حکمرانوں سے چھٹکارا پائے بغیر عالم اسلام کے مسائل کا حل ناممکن ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی20-21مارچ ”عالمی ایام نوروز “ کے بابرکت موقع پر بارگاہ خداوندی میں خشوع و خضوع کے ساتھ سجدہ ریز ہو کر الله رب العزت سے بہتری کی دعا کی علامہ موسوی نے کہا کہ امت مسلمہ ہوشیار رہے کیونکہ استعماری سرغنہ امریکہ مسلم ممالک میں ایک نئے گھناوٴنے کھیل کا آغاز کرچکا ہے،مسلم حکمران امریکی منافقت اور دوہرے معیار کو سمجھیں جو ایک ملک میں عوام پر جبر تشدد کی تائید اور دوسرے میں اس کے خلاف قراردادیں پاس کروار ہا ہے ۔انہوں نے بحرین اور یمن میں احتجاجی مظاہرین پر مظالم اور بے گناہ عوام کے قتل عام کی پرزورمذمت کی ۔آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کو ریمنڈ ڈیوس جیسے دشمنوں اور عالمی طاغوت کے ایجنٹوں کا سامنا ہے اگر اُن کے چنگل سے آزادی حاصل نہ کی گئی تو ایک کے بعد دوسرا ریمنڈ ڈیوس پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوروز کا تعلق امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کی ولایت اور ظاہری خلافت سے ہے جن کا فرمان ہے کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مدد گار بن جاؤ۔۔درایں اثنا ٹی این ایف جے کی عالمی یوم نوروز کمیٹی تشکیل ددے دی گئی ہے جس کے کنوینر علامہ وقار حسین قمی جبکہ سیکرٹری شہزاد حسین سندی اور عون عباس کاظمی ہوں گے ۔