29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت ریمنڈ کی رہائی پر قوم کو اعتماد میں لے، شاہ محمودقریشی
جنگ نیوز -
ملتان …سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی جس طرح رخصتی ہوئی ہے اس سے قوم مطمئن نظر نہیں آتی۔ حکومت عوام کو اعتماد میں لے اور اصل حقائق سامنے لائے جائیں ۔ملتان ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دیت کا قانون موجود ہے لیکن اس کی اہمیت اس وقت ہے جب ملزم اقرار جرم کرے اور مقتول کے ورثا اسے معاف کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے مقتولین کے ورثا کو رقم کی ادائیگی کی تردید نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے ۔ اگر رقم امریکا نے نہیں دی تو پھر کس نے دی اور مقتولین کے ورثا سے کس نے رابطہ کیا ۔ اگر ورثا نے ریمنڈ کو معاف کر دیا تو ان کے گھروں کو تالے کیوں لگے ہیں ۔ ایک سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بعد پاک امریکا تعلقات بہتر ہو گئے ہیں تو پاکستان سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کیوں نہیں کررہا ۔